پیٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کے بلوں میں بھی صارفین سے اربوں روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
بل ادا نہ کرنے والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہوگی، اویس لغاری
دستاویزات کے مطابق گزشتہ 3 برسوں کے دوران بجلی صارفین سے ایک ہزار 906 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ مالی سال میں بجلی صارفین سے 700 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا، جبکہ 2022-23 کے دوران 507 ارب روپے اور 2023-24 میں 698 ارب روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے تین سال میں 232 ارب روپے جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 532 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا۔
اسی طرح گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی ٹیکس وصولیاں 240 ارب روپے اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی 307 ارب روپے رہیں۔
دستاویز کے مطابق ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے 323 ارب روپے، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 151 ارب روپے جبکہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 57 ارب 58 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا۔
مزید برآں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 24 ارب 28 کروڑ روپے، ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ایک ارب 55 کروڑ روپے اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی نے 34 ارب 46 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا۔

