کراچی: بلوچستان سے کراچی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے موچکو چیک پوسٹ پر پولیس نے سخت ناکہ بندی اور چیکنگ کے دوران تین مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کا بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا چوتھا دورہ، تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان گٹکا، ماوا اور چھالیہ کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث تھے اور مختلف گاڑیوں کے ذریعے یہ ممنوعہ اشیاء کراچی منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
پہلی کارروائی میں پولیس نے مہران کار کی تلاشی کے دوران 70 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کر کے شمس الرحمان نامی ملزم کو گرفتار کیا۔ دوسری کارروائی میں رکشے سے 40 کلو چھالیہ اور 40 پڑیاں مضر صحت ماوا برآمد کر کے ملزم کامران کو حراست میں لے لیا گیا۔
تیسری کارروائی کے دوران پولیس نے آلٹو کار کو روک کر تلاشی لی، جس میں سے 25 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد ہوا۔ اس کارروائی میں تین ملزمان ارشاد، گل زمان اور مدثر کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر افراد تک پہنچنے کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ موچکو چیک پوسٹ پر چیکنگ اور نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ شہر میں مضر صحت اشیاء کی ترسیل کو روکا جا سکے۔
