کراچی (15 اپریل 2026) — نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون کراچی کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے ایک اہم آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں اور ادارہ جاتی اہلکاروں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔
کے الیکٹرک کے نئے چیئرمین کی تقرری، شہیریار چشتی کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں
تفصیلات کے مطابق یہ ورکشاپ پاکستان نیوی کے ادارے پی این ایس بہادر میں منعقد ہوئی، جہاں موٹروے پولیس کے روڈ سیفٹی آفیسرز نے دفاعی ڈرائیونگ اور ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے مؤثر طریقوں پر تفصیلی ملٹی میڈیا بریفنگ دی۔
ورکشاپ کے دوران شرکاء کو محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں، ٹریفک قوانین کی اہمیت اور روزمرہ ٹریفک میں احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ افسران نے بتایا کہ چھوٹی سی لاپرواہی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے قوانین کی پابندی ناگزیر ہے۔
کمانڈنٹ پی این ایس بہادر (وارفیئر کالج) نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے ایسے تربیتی سیشنز انتہائی اہم ہیں اور ان سے نہ صرف آگاہی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عملی ڈرائیونگ رویوں میں بھی بہتری آتی ہے۔
موٹروے پولیس حکام نے کہا کہ ادارہ ملک بھر میں روڈ سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کے لیے مسلسل سرگرم ہے اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی آگاہی مہمات جاری رہیں گی۔
