کراچی: ناردرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی 2026 میں قربانی کے جانوروں کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں ملک کے مختلف شہروں سے بیوپاری اپنے مویشیوں کے ہمراہ بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔
شرمیلا فاروقی کا دلچسپ بیان: کراچی میں رہنا پیرس میں رہنے جیسا ہے
ایڈمنسٹریٹر منڈی طارق تنولی کے مطابق ساہیوال اور نواب شاہ سے بیوپاریوں کے بڑے قافلے بھاری بھرکم اور خوبصورت جانوروں کے ساتھ منڈی پہنچ چکے ہیں۔ ساہیوال سے بیوپاری اللہ دتہ 91 جانور جبکہ نواب شاہ سے بیوپاری فیصل 50 سے زائد جانور لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منڈی میں سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے فوڈ اسٹریٹ کی تیاریوں کو تیز کر دیا گیا ہے، جہاں شہر کی معروف فوڈ چینز شہریوں کو معیاری کھانے کی سہولت فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ پارکنگ ایریا کو بھی جلد فعال کیا جا رہا ہے تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو بہتر سہولت میسر آ سکے۔
میڈیا سیل کے انچارج ذکی ابڑو کے مطابق مختلف علاقوں سے نایاب نسلوں کے جانور بھی منڈی لائے جا رہے ہیں، جن میں میل کراس، چولستانی اور براہمن نسل کے مویشی شامل ہیں، جو خریداروں کی خاص توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
پارکنگ ٹھیکیدار عدنان عتیق نے بتایا کہ گاڑیوں کے لیے 4 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل کے لیے 1500 روپے میں پاس جاری کیے جائیں گے، اور شہریوں کی سہولت کے لیے آن لائن پاسز کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق عوام دوست مویشی منڈی میں سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید بیوپاریوں کی آمد متوقع ہے۔

