Tashakur News

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں امتحانی مراکز کی تبدیلیوں اور مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

کراچی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانی مراکز کی تبدیلی، قیام اور مبینہ بدعنوانی کے معاملات پر وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

کراچی میں تعلیمی اداروں کو منشیات سپلائی کرنے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، دو ملزمان گرفتار

سیکریٹری جامعات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹی 15 روز میں اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی۔

کمیٹی کے اسپیشل سیکریٹری محکمہ جامعات و بورڈز کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ اور ایڈیشنل سیکریٹری (بورڈز) کو بطور ممبران شامل کیا گیا ہے۔

تحقیقات میں یہ جائزہ لیا جائے گا کہ امتحانات سے قبل یا دورانِ امتحان مراکز کن وجوہات کی بنیاد پر تبدیل کیے گئے اور آیا اس عمل میں مالی مفادات، اقربا پروری یا کسی قسم کے غیر قانونی اثر و رسوخ کا استعمال ہوا یا نہیں۔

کمیٹی امتحانی مراکز کی الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں، ملی بھگت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی بھی تحقیقات کرے گی۔

وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ کمیٹی ملوث افسران اور ملازمین کی نشاندہی کرے گی اور ذمہ دار پائے جانے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version