Site icon Tashakur News

پاک افغان کشیدگی، طورخم بارڈر سے افغان پناہ گزینوں کی واپسی معطل

428801 8163694 updates

پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی کے باعث ضلع خیبر میں واقع طورخم سرحدی گزرگاہ سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج و فضائیہ کی مشترکہ کارروائی، 72 افغان طالبان ہلاک، متعدد زخمی

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پاک افغان سرحدی مقامات پر فائرنگ اور کشیدہ صورتحال کے بعد نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی فائرنگ کے باعث طورخم ٹرمینل میں کھڑی افغان پناہ گزینوں کی درجنوں گاڑیوں کو حفاظتی اقدام کے طور پر لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق حالات معمول پر آنے تک وطن واپسی کا سلسلہ معطل رہے گا۔ واضح رہے کہ طورخم بارڈر کے راستے روزانہ سینکڑوں افغان خاندان اپنے وطن واپس جاتے ہیں، تاہم موجودہ کشیدگی کے باعث یہ عمل وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب UNHCR پاکستان کے ترجمان قیصر خان آفریدی کے مطابق گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پاکستان میں مقیم 20 لاکھ سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ شام افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے اور رات بھر جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی واپسی کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

Exit mobile version