Site icon Tashakur News

یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج نہ ہونے پر وکلا کا سٹی کورٹ میں ہڑتال کا اعلان

کراچی میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف ایف آئی آر درج نہ ہونے پر وکلا نے بدھ کے روز سٹی کورٹ میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر کراچی بار ایسوسی ایشن عامر وڑائچ نے کہا ہے کہ بدھ کے روز کسی بھی پولیس اہلکار کو سٹی کورٹ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور جب تک وکلا کی درخواست پر یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔

کراچی: ماڈل کالونی میں منشیات فروش گرفتار، 510 گرام چرس برآمد

صدر کراچی بار کے مطابق اس معاملے پر سٹی کورٹ میں بدھ کی صبح 11 بجے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وکلا کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سٹی کورٹ میں ضمانت کے لیے پیش ہونے والے یوٹیوبر رجب بٹ پر مبینہ طور پر وکلا کی جانب سے تشدد کیا گیا تھا، جس پر رجب بٹ کے وکیل کی مدعیت میں 15 سے زائد وکلا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں تشدد، جان سے مارنے کی دھمکیاں اور نقد رقم غائب کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واقعے کے بعد وکلا کی جانب سے سٹی کورٹ کے سامنے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج بھی کیا گیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ وکلا کا مؤقف ہے کہ یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی سابقہ پیشی کے بعد سوشل میڈیا پر وکلا کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی، جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔

وکلا نے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیوبر رجب بٹ، ان کے وکیل اور ایک دیگر یوٹیوبر کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے، بصورت دیگر احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔

Exit mobile version