Site icon Tashakur News

ایس آئی یو پولیس کی حراست میں نوجوان کی ہلاکت کا معاملہ تفتیش ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

2416244009b8560

ایس آئی یو پولیس کی حراست میں نوجوان عرفان کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے، کیس کی تفتیش ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی کی تباہی کی ذمہ دار خود ایم کیو ایم ہے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد

ایس آئی یو کے اضافی چارج رکھنے والے ایس ایس پی اے وی ایل سی امجد شیخ کے مطابق، منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے کیس ایف آئی اے کے سپرد کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم سمیت مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیر کو ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا، جس کے بعد ایف آئی اے باقاعدہ طور پر تفتیش کا عمل شروع کرے گی۔

پولیس حکام کے مطابق، تفتیش کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔

واضح رہے کہ عرفان نامی نوجوان کو بدھ کے روز حراست میں لیا گیا تھا، جب کہ جمعرات کی شام اہلِ خانہ کو اس کی موت کی اطلاع دی گئی۔
اہلِ خانہ نے واقعے کی تفتیش اور مقدمے کے اندراج پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

گزشتہ روز سہراب گوٹھ کے قریب احتجاجی مظاہرے کے دوران لواحقین نے دونوں ٹریک بند کر کے عرفان کے قتل، اغوا اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او ایس آئی یو نے اپنی مدعیت میں واقعے میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف قتلِ خطا کا مقدمہ درج کروا دیا ہے، جبکہ ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق، مقدمے میں جو بھی اہلکار نامزد ہوں گے، اُنہیں قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے گا۔

Exit mobile version