Site icon Tashakur News

منڈی بہاؤالدین بیٹے نے زمین کی رقم کے تنازع پر والدین اور بیوی کو قتل کر دیا

28135413d321eec

تھانہ بھاگٹ کی حدود میں واقع گاؤں اسداللہ پور میں دل دہلا دینے والا خاندانی قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں بیٹے نے مبینہ طور پر زمین کی رقم کے تنازع پر اپنے والدین اور بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
مہنگائی عروج پر بجلی کے بل 15 ہزار تک پہنچ گئے 5 اگست کو پرامن احتجاج ہوگا عمر ایوب

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول محمد حسین نے کچھ عرصہ قبل اپنی 4 کنال زرعی زمین تقریباً 2 کروڑ روپے میں فروخت کی تھی۔ ان کا بیٹا احسان اللہ، جو روزگار کے سلسلے میں کویت مقیم تھا، چار روز قبل ہی وطن واپس آیا تھا۔ وطن واپسی پر ملزم نے اپنے والد سے زمین کی فروخت پر ملنے والی رقم میں حصہ مانگا، جس پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں شدت اختیار کر گئی۔

پولیس کے مطابق والدین کے انکار پر احسان اللہ آپے سے باہر ہو گیا اور پستول نکال کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں اس کے 75 سالہ والد محمد حسین، 70 سالہ والدہ رسولاں بی بی اور 35 سالہ اہلیہ ماریہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جب کہ ملزم واردات کے بعد آلۂ قتل سمیت فرار ہو گیا۔

واقعہ کی اطلاع پر تھانہ بھاگٹ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال پھالیہ منتقل کیا۔ جائے وقوعہ کو محفوظ بنا کر فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا، جس نے شواہد اکٹھے کیے۔

ڈی پی او منڈی بہاؤالدین وسیم ریاض خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تفتیشی ٹیموں کو فوری احکامات جاری کیے۔ ان کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس اندوہناک واردات میں ملوث سفاک ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی مدد فراہم کی جائے۔

ترجمان منڈی بہاؤالدین پولیس، سب انسپکٹر زوہیب ورک کے مطابق یہ واقعہ خاندانی جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے، شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزم کی تلاش کے لیے ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں۔

Exit mobile version