Site icon Tashakur News

ایران کا آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کا عندیہ جوہری پروگرام میں تیزی کا اعلان

251321552a8fac1

ایران کی پارلیمنٹ نے ایک بل کی منظوری دی ہے جس کے تحت اگر ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کا خطرہ برقرار رہا تو ملک کی ایٹمی توانائی تنظیم اقوام متحدہ کے نگران ادارے (آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون معطل کر دے گی اور اپنے سویلین نیوکلیئر پروگرام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائے گی۔
خیبرپختونخوا بجٹ منظوری پر تحریک انصاف میں اختلافات علی امین گنڈاپور کا مائنس ون سازش کا الزام

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نور نیوز کے مطابق بل پر عمل درآمد کے لیے اب سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی منظوری درکار ہوگی۔ یہ اقدام ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ فضائی کشیدگی اور اسرائیل کے ان دعوؤں کے بعد سامنے آیا ہے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا چاہتا ہے۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اپنے پرامن نیوکلیئر پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھائے گا۔ انہوں نے آئی اے ای اے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت تک نہیں کی اور اپنی ساکھ کھو دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک جوہری تنصیبات کی سلامتی یقینی نہ بن جائے، نگرانی کے کیمروں کی تنصیب، معائنوں اور رپورٹوں کی فراہمی جیسے اقدامات معطل کر دیے جائیں گے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے قطری اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ جوہری پروگرام اور عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے متعلق ایران کے مؤقف میں تبدیلی کا امکان ہے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ تبدیلی کس سمت میں ہوگی۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کے بعد ایرانی حکومت پر جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کے تحت وعدے محدود کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

Exit mobile version