Tashakur News

پاکستان سمیت کئی ممالک کی ایران پر امریکی حملے کی مذمت، سفارتی حل پر زور

اسلام آباد / ریاض / بغداد / کویت سٹی / ہوانا (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے ایرانی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے اور ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔

ایران پر امریکی حملے کی سعودی عرب، عراق، مصر، کویت اور لاطینی ممالک کی مذمت، مسئلے کے سیاسی حل پر زور

ترجمان نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کا اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں اور اس سے خطے کو مزید نقصان پہنچے گا۔ پاکستان نے زور دیا کہ مذاکرات اور سفارتکاری ہی اس تنازع کا واحد اور دیرپا حل ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی تین جوہری تنصیبات، فردو، اصفہان اور نطنز پر حملہ کیا۔ ایرانی حکام نے حملوں کی تصدیق کی تاہم نقصانات کی تفصیلات تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب سعودی عرب، کویت اور عراق نے بھی امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نازک صورتحال میں بحران کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کرے اور ایران کا مسئلہ سفارتکاری سے حل کیا جائے۔

کیوبا، چلی، میکسیکو اور وینزویلا نے بھی امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

WhatsApp Image 2025 06 22 at 1.43.11 PM

Exit mobile version