Site icon Tashakur News

پاکستان نے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی فضائی حدود کی نگرانی شروع کردی

اسلام آباد ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد پاکستان نے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی فضائی حدود، خصوصاً مغربی سمت سے آنے والی پروازوں کی نگرانی شروع کردی ہے نجی ٹی وی کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے کہا ہے کہ نئی صورتحال کے حوالے سے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں.

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اور ایران کی سمت سے آنے والی ہر پرواز کی نگرانی کی جائے گی سی اے اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی حدود میں داخل ہونے والی پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول سے لازمی اجازت لینا ہوگی.

دریں اثنا امریکا نے اپنے شہریوں کو موجودہ حالات کے پیش نظر اسرائیل سے باہر سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جبکہ کینیڈا اور فرانس نے بھی اپنے شہریوں کو تل ابیب، ایران، لبنان اور فلسطین کا سفر نہ کرنے کا کہا ہے اسی طرح پولینڈ نے بھی شہریوں کو اسرائیل میں بڑے اجتماعات میں شرکت سے اجتناب کا مشورہ دیا ہے.

واضح رہے کہ گزشتہ شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 2سو ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کی تھی حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے.

Exit mobile version