شہر قائد میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں تین ہفتوں کے دوران 190 روپے فی کلو تک اضافہ ہوگیا۔ قیمتوں میں اضافے سے شہریوں کے لیے چکن خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرغی کا گوشت سرکاری نرخ سے 45 روپے فی کلو مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ سرکاری قیمت 635 روپے ہے، جبکہ بازاروں میں یہ 680 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
زندہ مرغی اور بون لیس چکن بھی مہنگے
زندہ مرغی کی قیمت بھی تین ہفتوں میں 160 روپے فی کلو بڑھ گئی۔ اس کا سرکاری نرخ 424 روپے ہے، جبکہ بازاروں میں 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
اسی طرح بون لیس چکن کی قیمت میں 240 روپے اضافہ ہوا۔ اس کے بعد قیمت 1,040 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
قیمتوں میں اضافے پر شہری پریشان
صارفین کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم گرم ہونے کے باوجود مرغی کا گوشت سردیوں کے سیزن کی قیمتوں پر فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب مرغی فروشوں نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ طلب اور رسد کے فرق کو قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر کے آخری ہفتے تک مرغی کا گوشت 490 روپے اور زندہ مرغی 390 روپے فی کلو فروخت ہو رہی تھی۔

