کراچی: نارتھ ناظم آباد میں جرائم کی روک تھام اور سیکیورٹی مانیٹرنگ بہتر بنانے کے لیے 101 نئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے 16 اکتوبر کو کمیونٹی پولیسنگ کراچی (CPK) نارتھ ناظم آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے نئے نصب شدہ کیمروں کا معائنہ کیا اور پولیس عملے کو مؤثر نگرانی کی ہدایت کی۔
کیمروں کا نظام مزید مؤثر بنانے کے اقدامات
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق CPK ممبر مراد سونی اور دیگر عہدیداران نے ایس ایس پی کو سیکیورٹی نظام سے متعلق بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فائبر آپٹک کیبلز کو نقصان پہنچنے اور دیگر مسائل کے باوجود CPK ممبران نے کیمروں کا نظام دوبارہ فعال کیا۔ ان کوششوں کے دوران کیمروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا۔
نارتھ ناظم آباد اور شاہراہ نور جہاں کے مختلف علاقوں میں جدید اور ہائی ریزولوشن کیمرے نصب کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔
مشکوک سرگرمیوں پر فوری رسپانس کی ہدایت
ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے CPK میں تعینات پولیس اہلکاروں کو کیمروں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی جائے۔ متعلقہ پولیس ٹیموں کے ساتھ رابطہ بھی مؤثر رکھا جائے۔
CPK عہدیداران نے جرائم کی روک تھام اور ہنگامی حالات میں مقامی پولیس کے تعاون اور بروقت رسپانس کو سراہا۔
پولیس اہلکاروں اور CPK ممبران میں اسناد تقسیم
دورے کے موقع پر ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد عطار حسین، ایس ایچ او حیدری مارکیٹ سب انسپکٹر فراز نقی، انچارج آئی ٹی و سی سی ٹی وی سسٹم سب انسپکٹر عامر اور فوکل پرسن کانسٹیبل ارسلان بھی موجود تھے۔
دورے کے اختتام پر CPK عہدیداران نے ایس ایس پی کو اعزازی شیلڈ اور گلدستہ پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد عمران خان نے کمیونٹی پولیسنگ، سیکیورٹی مانیٹرنگ اور پولیس سے تعاون میں کردار ادا کرنے والے CPK ممبران اور اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
تقریب میں CPK کے ایگزیکٹو بورڈ ممبر شیخ فرید، چیف CPK نارتھ ناظم آباد عباس طیب علی، جوائنٹ چیف حذیفہ حسین اور دیگر عہدیداران و ممبران نے شرکت کی۔

