Site icon Tashakur News

کراچی سیف سٹی منصوبہ 79 مطلوب افراد اور 936 گاڑیاں پولیس کے حوالے

IG Sindh Javed Alam Odho reviewing Karachi Safe City project performance at Central Police Office Karachi

IG Sindh chairs a meeting on Karachi Safe City operations and crime prevention.

سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران 79 مطلوب افراد اور 936 مطلوب یا خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیاں پولیس کے حوالے کی گئیں۔

یہ تفصیلات آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئیں۔ اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا۔

سیف سٹی کیمروں سے تفتیش میں مدد

ڈی جی سندھ سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز نے اجلاس کو ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ اسی عرصے میں 566 مقدمات میں ملزمان کی نشاندہی کے لیے کراچی پولیس کو تکنیکی معاونت فراہم کی گئی۔

ان کے مطابق مطلوب گاڑیوں سے متعلق 338 اور مطلوب افراد سے متعلق 25 درخواستیں بھی موصول ہوئیں۔

سرفراز نواز نے بتایا کہ ضلع جنوبی اور ضلع شرقی میں ڈکیتی کی حالیہ اہم وارداتوں میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے اور گرفتاری میں بھی سیف سٹی کیمروں نے مدد فراہم کی۔

چھ اضلاع میں 300 پول سائٹس فعال

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی سیف سٹی منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع جنوبی، ضلع شرقی، ملیر، کیماڑی، سٹی اور کورنگی میں 300 پول سائٹس فعال ہیں۔

شرکاء نے فیز ون کے آپریشن اور مینٹیننس سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ اسمارٹ ایمرجنسی رسپانس گاڑیوں کو موبائل سرویلنس اور فوری کارروائی کے لیے استعمال کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

ان گاڑیوں کی برانڈنگ سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

ٹریفک پولیس کے ساتھ خصوصی یونٹ بنانے کی ہدایت

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سیف سٹیز اتھارٹی کی معاونت سے جرائم میں ملوث ملزمان کو ٹریس کرنے اور گرفتار کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کراچی پولیس کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام اور تفتیش میں سیف سٹیز اتھارٹی کی تکنیکی خدمات سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

آئی جی سندھ نے منصوبے کے مختلف مراحل پر جاری کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے نمبر پلیٹس میں ردوبدل اور بلیک لسٹ گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے ٹریفک پولیس کے اشتراک سے خصوصی یونٹ بنانے کا حکم دیا۔

انہوں نے متعلقہ ایس ایس پیز انویسٹی گیشن کے ساتھ رابطے مضبوط کرنے پر بھی زور دیا، تاکہ چوری شدہ اور چھینی گئی گاڑیاں جلد برآمد کی جاسکیں۔

جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی کہ سیف سٹی منصوبے کے تمام مراحل میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

Exit mobile version