آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سینئر صحافی پر تشدد کے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی کی ہدایت کردی۔
کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سینئر صحافی اور کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر کاشف ہاشمی پر مبینہ تشدد اور ناروا سلوک کا سخت نوٹس لے لیا۔
واقعہ ضلع وسطی کے تھانہ ناظم آباد کی حدود میں پیش آیا۔ آئی جی سندھ نے ایس ایس پی سینٹرل سے واقعے کی تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔
ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت
آئی جی سندھ نے واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کا حکم بھی دیا۔
جاوید عالم اوڈھو نے سینئر صحافی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
شفاف تحقیقات کی ہدایت
آئی جی سندھ نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ایسے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں۔ ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی بھی کی جائے۔
یہ تفصیلات ترجمان انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ سید سعد علی کی جانب سے جاری بیان میں سامنے آئیں۔

