وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپی کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام اور پاکستان و یورپی یونین کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میگنس برنر نے کہا کہ پاکستان کے مؤثر اقدامات کے باعث غیر قانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔
غیر قانونی مائیگریشن کے مکمل خاتمے کا ہدف
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا رکھی ہے۔ ان کے مطابق 64 فیصد کمی کے بعد اگلا ہدف غیر قانونی مائیگریشن کا مکمل خاتمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
میگنس برنر نے کہا کہ غیر قانونی مائیگریشن میں کمی سے قانونی مائیگریشن کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
قانونی مائیگریشن اور ہنرمند افرادی قوت پر اتفاق
ملاقات میں قانونی مائیگریشن کے فروغ اور ہنرمند پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
دونوں فریقوں نے امیگریشن، ادارہ جاتی تعاون اور سرحدی نظم و نسق میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ بارڈر سکیورٹی بہتر بنانے اور قانونی امیگریشن کو فروغ دینے کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔
یورپی یونین کے اقدام پر مشترکہ کام
ملاقات میں غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام کے لیے یورپی یونین کے ایسٹرن کوریڈور انیشیٹو پر مشترکہ کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے بھی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

