کراچی: ضلع کیماڑی کے تھانہ پاک کالونی پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے کاشف ڈاڈا گروپ سے تعلق رکھنے والے ایک مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبدالوہاب ولد اللہ بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا۔
شاہین فورس پر فائرنگ کا مقدمہ
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تین روز قبل پرانا گولیمار میں شاہین فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی۔
فائرنگ کے تبادلے میں تھانہ پاک کالونی کی شاہین فورس کے اہلکار ثناء اللہ کی ٹانگ میں گولی لگی تھی۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 277/26 دفعہ 353، 324، 34 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت درج کیا تھا۔
گلشن فلک ناز واقعہ: بند فلیٹ سے ایک خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد
گینگ وار اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا الزام
کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے کاشف ڈاڈا گروپ سے ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم منشیات فروشی، اسٹریٹ کرائم اور گینگ وار سرگرمیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 278/26 درج کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

