لاہور: یوٹیوبر رجب بٹ کی اہلیہ نے بچے کے ماہانہ اخراجات اور جہیز کا سامان واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
گارڈین کورٹ نے رجب بٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔
جہیز کا سامان واپس کرنے کی درخواست
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ رجب بٹ نے شادی کے چند ماہ بعد انہیں گھر سے نکال دیا۔ ان کے مطابق طلاق کا نوٹس بھی بھجوایا گیا، تاہم طلاق تاحال مؤثر نہیں ہوئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ شادی کے وقت ان کے والدین نے 87 لاکھ 92 ہزار روپے مالیت کا جہیز دیا تھا۔ درخواست گزار کے مطابق رجب بٹ کے اہل خانہ نے تاحال سامان واپس نہیں کیا۔
انہوں نے عدالت سے جہیز کا سامان واپس دلانے کی استدعا کی ہے۔
بیٹے کے ماہانہ خرچے کا مطالبہ
پیٹرول کی قیمت میں کمی، ڈیزل 61 پیسے مہنگا
درخواست گزار کے مطابق رجب بٹ کا ایک بیٹا کیوان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچے کے اخراجات بھی ادا نہیں کیے گئے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ رجب بٹ کی ماہانہ آمدن کروڑوں روپے ہے۔ اسی بنیاد پر عدالت سے بچے اور اہلیہ کے لیے ماہانہ خرچہ مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے بیٹے کے لیے 5 لاکھ روپے ماہانہ اور اپنے لیے 2 لاکھ روپے ماہانہ خرچے کی استدعا کی ہے۔
عدالت نے رجب بٹ سے جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست پر مزید کارروائی 30 اکتوبر تک جواب جمع ہونے کے بعد آگے بڑھے گی۔

