کراچی: وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تھرڈ پارٹی موٹر وہیکل انشورنس، امن و امان اور ٹریفک سے متعلق مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس سندھ، سندھ گڈز اور یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا پر ہدایات
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اہل ڈرائیورز کو ضروری ٹیسٹ اور قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد LTV اور HTV لائسنس جاری کیے جائیں۔
ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس نے بتایا کہ تمام مطلوبہ فارمیلٹیز مکمل کرنے والے اہل ڈرائیورز کو لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
ضیاء الحسن لنجار نے ڈرائیونگ لائسنس کے معاملات حل کرنے کے لیے سیکریٹری ایکسائز، سیکریٹری قانون، ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس اور ڈی آئی جی ٹریفک کو مشترکہ اقدامات کی ہدایت کی۔
تھرڈ پارٹی انشورنس پر ٹرانسپورٹرز کے تحفظات
سیکریٹری ایکسائز نے اجلاس کو تھرڈ پارٹی موٹر وہیکل انشورنس سے متعلق ٹرانسپورٹرز کے تحفظات اور مسائل پر بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ پبلک اور کمرشل ٹرانسپورٹ کی انشورنس حکومتی پالیسی اور مروجہ قوانین کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔
ٹرانسپورٹرز کے لیے سیکیورٹی کا معاملہ
ٹرانسپورٹرز اتحاد کے نمائندوں نے SITE، نارتھ کراچی اور دیگر علاقوں میں درپیش سیکیورٹی مسائل سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ٹرانسپورٹرز کو متعلقہ علاقوں میں مؤثر سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو درپیش ٹریفک مسائل پر ڈی آئی جی ٹریفک کو بھی فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
ٹرانسپورٹ اڈوں کے لیے زمین پر پیش رفت
سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے ٹرک اور دیگر ٹرانسپورٹ اڈوں کے لیے زمین سے متعلق معاملات پر اجلاس کو بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ٹرانسپورٹرز کا حکومتی اقدامات پر اطمینان
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، سیکریٹری قانون، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری ایکسائز، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک اور ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس شریک ہوئے۔
ٹرانسپورٹرز کے وفد نے مسائل کے حل کے لیے وزیر داخلہ سندھ کی یقین دہانی اور متعلقہ حکام کو جاری ہدایات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

