ملیر 15 میں زیر تعمیر شاپنگ مال پر فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔
کراچی پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے شاپنگ مال پر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے نجی سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ علی رضا جاں بحق ہوا۔
مقتول کی عمر 25 سال تھی۔ وہ نثار کا بیٹا تھا۔
بھتہ خوری کا معاملہ زیر تفتیش
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں لیاری گینگ وار کمانڈر عبدالصمد کاٹھیاواڑی کے گروہ کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
پولیس کے مطابق چند ماہ قبل بھی شاپنگ مال پر فائرنگ ہوئی تھی۔ مال کے مالکان کو مبینہ طور پر بھتے کی پرچی دی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھتہ نہ ملنے پر ملزمان نے فائرنگ کی تھی۔
ایس ایچ او ملیر سٹی کے مطابق موجودہ واقعے میں بھی اسی گروہ کے کارندوں کا شبہ ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔
مقتول ڈھائی ماہ سے تعینات تھا
مقتول کے کزن کے مطابق علی رضا گزشتہ ڈھائی ماہ سے شاپنگ مال پر سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔
کزن کے مطابق مقتول غیر شادی شدہ تھا۔ وہ تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔
مبینہ بھتہ خور زخمی حالت میں گرفتار
دریں اثنا اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے بریگیڈ تھانے کی حدود میں کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ بھتہ خور منیر حسین عرف منا کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق ملزم عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروہ کا سرگرم کارندہ ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بھتہ خوری میں گروہ کے دیگر ارکان کو سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔ اس پر اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔

