سندھ میں ریبیز سے مزید دو بچے انتقال کرگئے۔ اس کے بعد صوبے میں ریبیز سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 37 ہوگئی۔
ہسپتال حکام کے مطابق دونوں بچوں کا علاج انڈس ہسپتال کراچی میں جاری تھا۔ ریبیز کے باعث دونوں کی جان نہ بچائی جاسکی۔
دو بچوں کی ریبیز سے موت
حکام کے مطابق 6 سالہ بچی ابیہہ دختر نعمان ریبیز کا شکار ہوکر انڈس ہسپتال پہنچی تھی۔ بچی کا تعلق ایئرپورٹ روڈ، لطیف آباد، ضلع حیدرآباد سے تھا۔
دوسرا بچہ 4 سالہ وقار پسر سلطان تھا۔ حکام کے مطابق اسے بھی ریبیز کے بعد انڈس ہسپتال لایا گیا۔ بچے کا تعلق گاؤں راضی خان، ضلع دادو سے تھا۔
ہسپتال حکام نے بتایا کہ دونوں بچوں کو سگ گزیدگی کے بعد ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی گئی تھی۔
کراچی کے ہسپتالوں میں اموات
ہسپتال حکام کے مطابق انڈس ہسپتال کراچی میں اب تک ریبیز سے 28 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
انڈس ہسپتال بدین میں ایک موت رپورٹ ہوئی ہے۔ جناح ہسپتال کراچی میں بھی ریبیز سے 8 اموات ہوچکی ہیں۔
یوں سندھ میں ریبیز سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
ہزاروں ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ
حکام کے مطابق انڈس ہسپتال کراچی میں سگ گزیدگی کے 14 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
جناح ہسپتال کراچی اور سول ہسپتال کراچی میں بھی اب تک 11، 11 ہزار ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ کیے جاچکے ہیں۔

