متحدہ عرب امارات سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کے دوران زخمی ہونے والے پائلٹ سمت مچھ چہار کا پہلا بیان سامنے آگیا۔
زخمی پائلٹ نے اپنے بیان میں مشکل وقت میں ساتھ دینے پر ساتھیوں، مسافروں اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بطور پائلٹ انہوں نے اپنی ذمہ داری انجام دی اور شکرگزار ہیں کہ طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا جبکہ تمام مسافر محفوظ رہے۔
کاک پٹ میں واقعے کے بعد ہنگامی لینڈنگ
فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 دبئی سے تل ابیب جارہی تھی کہ دوران پرواز کاک پٹ میں ایک واقعہ پیش آیا۔
فلائی دبئی کے مطابق طیارے کے عملے نے صورتحال کو قابو میں کیا اور طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ کر تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ ایئرلائن نے کہا ہے کہ تمام مسافر اور عملہ محفوظ ہیں۔
رائٹرز کے مطابق واقعے میں پائلٹ زخمی ہوا اور مسافروں و عملے نے کاک پٹ میں مداخلت کرکے صورتحال پر قابو پانے میں مدد کی۔ بعد ازاں طیارے میں موجود دیگر پائلٹس نے پرواز کو تبوک میں اتارا۔
واقعے کی تحقیقات جاری
رپورٹس کے مطابق واقعے کے محرکات اور مکمل پس منظر کی تحقیقات جاری ہیں۔
فلائی دبئی نے بھی قبل از وقت قیاس آرائیوں سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی وجوہات اور محرکات سے متعلق حتمی معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔

