دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 دورانِ پرواز ہنگامی صورتحال کا شکار ہوگئی۔
فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق پرواز نے پہلے ہنگامی کوڈ 7700 فعال کیا۔ اس کے بعد مختصر وقت کے لیے ہائی جیکنگ سے متعلق کوڈ 7500 بھی جاری کیا گیا۔
طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا
رپورٹس کے مطابق ہنگامی صورتحال کے بعد پرواز کو اردن کی فضائی حدود سے سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا۔
بعد ازاں طیارہ سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر اترا۔ اطلاعات کے مطابق طیارے میں 150 سے زائد اسرائیلی مسافر سوار تھے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ طیارے کو فوجی طیاروں نے تبوک تک پہنچنے کے دوران گھیرے میں رکھا۔
اسرائیلی حکام کا ہائی جیکنگ کی تردید
اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا ہے کہ دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کا واقعہ ہائی جیکنگ نہیں تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ابتدائی جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ ہنگامی سگنل کاک پٹ میں پائلٹس کے درمیان جھگڑے کے دوران فعال ہوا۔
واقعے کی تحقیقات جاری
واقعے کے بعد طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
حکام یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ دورانِ پرواز ہنگامی کوڈ کیوں فعال ہوا اور طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب کیوں موڑا گیا۔
واقعے کی مزید تحقیقات مکمل ہونے کے بعد صورتحال سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

