Site icon Tashakur News

ناظم آباد اور سمن آباد پولیس کی کارروائیاں، اسمگل شدہ چھالیہ اور سگریٹس برآمد

کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون میں ناظم آباد اور سمن آباد پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران اسمگل شدہ چھالیہ، غیر کسٹم پیڈ گٹکا اور سگریٹس برآمد کرلیے۔

ناظم آباد پولیس کی کارروائی

پولیس کے مطابق ناظم آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک رکشے سے 70 کلو گرام اسمگل شدہ چھالیہ برآمد کی۔

اسمگل شدہ چھالیہ رکشے میں پلاسٹک کے کٹوں کی آڑ میں چھپائی گئی تھی۔

کارروائی کے دوران پولیس نے رکشہ ڈرائیور جانان ولد نقیب اللہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے رکشہ، موبائل فون، ایئر بڈز اور کلر کاپی قومی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا۔

سمن آباد پولیس کی کارروائی

سمن آباد پولیس نے ایک اور کارروائی میں مبینہ طور پر بھارتی اسمگل شدہ اور غیر کسٹم پیڈ گٹکا آداب کے 70 پیکٹس برآمد کیے۔

پولیس کے مطابق برآمد شدہ گٹکے میں مجموعی طور پر 7 ہزار ساشے موجود تھے۔

کارروائی کے دوران پولیس نے غیر کسٹم پیڈ اور اسمگل شدہ مونڈ اور ملانو سگریٹس کے 50 پیکٹس بھی برآمد کیے۔ ان پیکٹس میں مجموعی طور پر 500 سگریٹس تھے۔

مزید قانونی کارروائی جاری

پولیس کے مطابق برآمد شدہ ممنوعہ اور غیر کسٹم پیڈ اشیا کو دفعہ 550 ضابطہ فوجداری کے تحت قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں میں برآمد ہونے والی اسمگل شدہ اور غیر کسٹم پیڈ اشیا کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

 

Exit mobile version