Site icon Tashakur News

سندھ فرانزک لیب کی دسمبر 2026 تک تکمیل کا ہدف

Faryal Talpur chairing a meeting on Sindh forensic lab and prosecution digitalization

Faryal Talpur chairs a high-level meeting on forensic and prosecution reforms.

کراچی: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن فریال تالپور کی زیر صدارت سندھ اسمبلی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں جدید سندھ فرانزک سائنس لیبارٹری اور کریمنل پراسیکیوشن سروس کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار، مشیر برائے آئی ٹی علی راشد اور ارکان سندھ اسمبلی سہیل انور سیال اور قاسم سراج سومرو شریک ہوئے۔

پراسیکیوٹر جنرل سندھ بیرسٹر سید غلام شبیر شاہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

میران انٹرنیشنل کے سی ای او علی زاہد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

بین الاقوامی ماہرین سے تکنیکی مشاورت

دنیا کے مختلف ممالک سے فرانزک اور تکنیکی ماہرین نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

بین الاقوامی ماہرین نے جدید فرانزک نظام، ٹیکنالوجی اور عالمی معیار سے متعلق اپنی آرا پیش کیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضرورت کے مطابق بین الاقوامی ماہرین کی تکنیکی مہارت اور تجربے سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

فرانزک لیب دسمبر 2026 تک فعال کرنے کا ہدف

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن نے اجلاس کو سندھ فرانزک سائنس لیبارٹری کی تعمیر پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ لیبارٹری کی عمارت تقریباً مکمل ہوچکی ہے۔

ان کے مطابق فرانزک سائنس لیبارٹری کو دسمبر 2026 تک مکمل فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

فریال تالپور نے کہا کہ جدید فرانزک لیب پولیس، پراسیکیوشن اور عدالتوں کو مستند سائنسی شواہد فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ فرانزک لیب کو جدید، مؤثر اور قابل اعتماد سائنسی ادارہ بنانا ہوگا۔

فریال تالپور نے متعلقہ اداروں کو واضح ٹائم لائن کے تحت منصوبے پر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

پراسیکیوشن سروس کی ڈیجیٹلائزیشن

پراسیکیوٹر جنرل سندھ بیرسٹر سید غلام شبیر شاہ نے کریمنل پراسیکیوشن سروس کی ڈیجیٹلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پراسیکیوشن کیس مینجمنٹ سسٹم کے تحت مقدمات کی مکمل ڈیجیٹل مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔

نظام کے ذریعے ایف آئی آر سے تحقیقات، چالان، ٹرائل، فیصلے اور اپیل تک کیس کی پیش رفت مانیٹر کی جاسکے گی۔

ڈیجیٹل نظام سے زیر التوا مقدمات اور مختلف مراحل میں تاخیر کی نشاندہی بھی ممکن ہوگی۔

فریال تالپور نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے غیر ضروری تاخیر کم اور ادارہ جاتی جوابدہی بہتر ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مقصد عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی ہونا چاہیے۔

بین الاقوامی معیار کے مطابق فرانزک نظام

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ مؤثر تفتیش اور مضبوط پراسیکیوشن کے لیے قابل اعتماد فرانزک شواہد ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں فرانزک نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق استوار کیا جائے گا۔

ضیاء الحسن لنجار کے مطابق مقامی ماہرین کی تربیت اور استعداد کار میں اضافہ بھی منصوبے کا اہم حصہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فرانزک نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بین الاقوامی تجربے سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

Exit mobile version