ملیر جناح اسکوائر کے قریب گھر سے تین بچوں کی ماں کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو مبینہ خودکشی قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ ملیر سٹی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ خاتون کی لاش علیم آباد میں ریاض پان شاپ کے قریب واقع گھر سے ملی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ شواہد محفوظ کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کیا گیا۔
خاتون کی شناخت ہوگئی
پولیس نے لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی۔ اسپتال میں خاتون کی شناخت 30 سالہ کنول زوجہ محمد کاشان کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق متوفیہ تین بچوں کی ماں تھی۔
پولیس کا خودکشی کا ابتدائی مؤقف
ایس ایچ او ملیر سٹی ریاض بھٹو کے مطابق خاتون کی لاش گھر کی پہلی منزل پر واش بیسن کے قریب سے ملی۔
پولیس افسر کے مطابق ابتدائی معلومات میں خاتون کی جانب سے تیز دھار آلے کے استعمال کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ واقعے کے وقت خاتون کی ساس گراؤنڈ فلور پر موجود تھی۔ شوہر اور بچے گھر میں موجود نہیں تھے۔
واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی
پولیس کے مطابق فوری طور پر واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی صورتحال کا تعین تحقیقات اور دستیاب شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔

