لیاقت آباد میں خاتون پر تیزاب پھینکنے کا کیس پولیس نے 48 گھنٹوں میں حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے خاتون کے شوہر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ لیاقت آباد نمبر 5 میں نور اسلام مسجد کے قریب پیش آیا۔ 28 سالہ ارج اپنے شوہر اویس کے ساتھ موٹرسائیکل پر دفتر جارہی تھی۔
پولیس کے مطابق سپیڈ بریکر کے قریب موٹرسائیکل کی رفتار کم ہوئی۔ اسی دوران ایک شخص نے پیچھے سے خاتون اور اس کے شوہر پر تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا۔
تیزاب پھینکنے والا ملزم گرفتار
زخمی خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ لیاقت آباد پولیس نے مقدمہ الزام نمبر 567/2026 دفعہ 336-B کے تحت درج کیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
پولیس کے مطابق ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر تکنیکی ذرائع کی مدد سے تفتیش آگے بڑھائی۔ کارروائی کے دوران تیزاب پھینکنے والے ملزم بلال ولد فہیم کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق بلال لیاقت آباد کا رہائشی اور رکشا ڈرائیور ہے۔
شوہر پر تیزاب پھینکوانے کا الزام
پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش بلال نے خاتون کے شوہر اویس پر تیزاب پھینکوانے کا الزام عائد کیا۔
پولیس کے مطابق اویس نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ پر تیزاب پھینکنے کے لیے بلال کو رقم دی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں گھریلو ناچاقی اور شک کو واقعے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
پولیس نے خاتون کے شوہر اویس کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر افراد اور شواہد کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

