صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے مختلف کارروائیوں میں 3 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
محکمے کے روہڑی سرکل نے سینٹرل جیل روڈ پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 2 کارروائیاں کیں۔ تلاشی کے دوران مجموعی طور پر 12 کلو اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کی گئی۔
روہڑی میں 12 کلو چرس برآمد
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کے مطابق پہلی کارروائی میں شریف نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے 6 کلو چرس اور بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی میں اشرف نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے بھی 6 کلو چرس اور بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
حکام کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ برآمد شدہ منشیات اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
حیدرآباد میں مزید کارروائی
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کے حیدرآباد سرکل نے اکرو چیک پوسٹ پر ایک اور کارروائی کی۔ مسافر کوچ کی تلاشی کے دوران عبدالکریم نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
محکمے کے مطابق ملزم کے قبضے سے 2 کلو اعلیٰ معیار کی چرس برآمد ہوئی۔ اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

