Site icon Tashakur News

شارع فیصل حادثہ: 19 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق، کم عمر ڈرائیور کی فوٹیج سامنے آگئی

کراچی کی شارع فیصل پر میٹروپول کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 19 سالہ موٹر سائیکل سوار ذیشان کے جاں بحق ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

فوٹیج میں حادثے کے فوراً بعد ایک کم عمر نوجوان کو گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے اترتے اور زخمی ذیشان کے پاس جاکر اسے چیک کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں ایک خاتون بھی موجود تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد خاتون ڈرائیونگ سیٹ پر آ گئی اور اس نے دعویٰ کیا کہ حادثے کے وقت گاڑی وہ خود چلا رہی تھی۔ خاتون نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود ہے۔

تاہم پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک کم عمر نوجوان گاڑی چلاتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ فوٹیج کے مطابق حادثے کے بعد نوجوان موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے گاڑی تحویل میں لے کر خاتون کو حراست میں لے لیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ آرٹلری میدان تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں کم عمر ڈرائیور کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ خاتون کو پولیس کو مبینہ طور پر گمراہ کرنے کے الزام میں شامل کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کم عمر ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Exit mobile version