کراچی میں انسدادِ پولیو مہم 21 ستمبر سے 27 ستمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز، ای او سی افسران اور گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندہ ماریہ مے نے شرکت کی۔
پولیو ٹیموں کی تربیت مکمل
اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیو ٹیموں کی تربیت کا 96 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ غیر حاضر ورکرز کے لیے لیفٹ اوور سیشنز بھی جاری ہیں۔
کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کو صبح 8 سے 9 بجے کے درمیان فیلڈ میں روانہ کیا جائے۔ انہوں نے مہم کے پہلے دن سے کم کوریج والے علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔
100 فیصد ہدف یقینی بنانے کی ہدایت
سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بچوں کی ویکسینیشن کا 100 فیصد ہدف یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کراچی کی تمام یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے مہم کے دوران مؤثر نگرانی اور ٹیموں کی بروقت روانگی پر بھی زور دیا۔

