سرجانی ٹاؤن میں ماں اور اس کے تین کمسن بچوں کے قتل کے الزام میں ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص مقتولہ کا قریبی رشتے دار بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے مبینہ آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔
قتل کی وجہ ذاتی رنجش، پولیس
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ ذاتی رنجش سامنے آئی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس گرفتاری اور قتل کے محرکات سے متعلق مزید تفصیلات پریس کانفرنس میں بتائے گی۔
ماں اور بچوں کی لاشیں گھر سے ملیں
یہ واقعہ پیر کی شام سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 7-D میں پیش آیا تھا۔
34 سالہ مہوش زوجہ دانش اور اس کے دو بچوں کی لاشیں گھر سے ملی تھیں۔
مقتول بچوں میں آٹھ سالہ بیٹی مرحہ اور چھ سالہ بیٹا حسنین شامل تھے۔
ڈھائی سالہ اشمیرہ شدید زخمی حالت میں ملی تھی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دم توڑ گئی۔
تحقیقاتی کمیٹی قائم
پولیس نے مقتولہ کے سسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی نے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
تحقیقاتی ٹیم نے شک کی بنیاد پر 15 افراد سے پوچھ گچھ بھی کی۔
ان افراد میں مقتول خاندان کے پڑوسی بھی شامل تھے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

