کراچی: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مولانا محمد شاداب رضا نقشبندی نے علامہ محمد طلحہ رضا رضوی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
مولانا محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ علامہ طلحہ رضا رضوی کا قتل مذہبی تشدد اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی جانب توجہ دلاتا ہے۔
انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ پنجاب میں مذہبی تشدد اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا نوٹس لیا جائے۔ ان کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ علامہ طلحہ رضا رضوی کے قتل کے محرکات اور واقعے میں ملوث عناصر کو سامنے لانا ضروری ہے۔ انہوں نے آئی جی پنجاب سے شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات یقینی بنانے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر تحقیقات میں کسی شخص کے بیرونِ ملک بیٹھ کر قتل کی منصوبہ بندی یا معاونت میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آتے ہیں تو حکومت متعلقہ اداروں کے ذریعے قانونی کارروائی کرے۔
مولانا شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ مذہبی شخصیات اور عام شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانا معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ پیدا کرتا ہے۔ ان کے مطابق کسی فرد یا گروہ کو مذہب یا مسلک کی بنیاد پر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک قانون کی حکمرانی، امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ حکومت کو تمام مکاتبِ فکر کے علما اور مشائخ کے تحفظ کے لیے مؤثر سکیورٹی اور قانونی اقدامات کرنے چاہییں۔
دریں اثنا مولانا محمد شاداب رضا نقشبندی نے مقتول علامہ طلحہ رضا رضوی کے چھوٹے بھائی محبوب رضا رضوی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
مکہ معاہدہ: مشترکہ دفاع کسی ملک کے خلاف نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
انہوں نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر شمالی پنجاب محمد زاہد حبیب قادری نے بھی وفد کے ہمراہ محبوب رضا رضوی سے ملاقات کی اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔
وفد میں پاکستان سنی تحریک کے ڈویژن صدر گوجرانوالہ صاحبزادہ محمد ابرار احمد رضوی، ضلعی صدر گجرات علامہ مفتی محمد ظفر اللہ شاکر، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ محمد حسنین عطاری اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔
ملاقات کے دوران رہنماؤں نے کہا کہ مذہبی تشدد، انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ قتل کے خلاف آئین اور قانون کے دائرے میں آواز اٹھائی جاتی رہے گی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علامہ طلحہ رضا رضوی کے قتل کی تحقیقات مکمل کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے۔

