کراچی: ہجرت کالونی میں ٹی ایم سی صدر ٹاؤن نے تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائی ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی ہدایت پر کی گئی۔ ایم سی صدر ٹاؤن ذیشان صالح، چیئرمین صدر ٹاؤن منصور شیخ، چیئرمین لینڈ کمیٹی عبدالرحمن آفریدی، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ علی اکبر مہر اور دیگر افسران نے آپریشن کی نگرانی اور ہدایات جاری کیں۔
ٹی ایم سی صدر ٹاؤن کے انچارج شاہنواز کی نگرانی میں عملے نے ہجرت کالونی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران پانچ ٹرک سے زائد سامان تحویل میں لیا گیا۔
انتظامیہ نے متعدد تجاوزات ختم کرکے عوامی گزرگاہیں بحال کردیں۔ کارروائی کا مقصد شہریوں کے لیے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر آمدورفت کو آسان بنانا تھا۔
ٹی ایم سی صدر ٹاؤن انتظامیہ نے تجاوزات قائم کرنے والوں کو خبردار کیا کہ سرکاری اراضی اور عوامی گزرگاہوں پر قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔ عوامی راستوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی۔

