کراچی بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی جاری کردی۔ خلیج بنگال اور بھارت میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ پر موجود کم دباؤ اب مدھیہ پردیش اور ملحقہ علاقوں میں موجود ہے۔ یہ سسٹم مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
کراچی میں پیر اور منگل کو بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی نظام کے زیر اثر کراچی میں پیر اور منگل کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
شہر میں بارش کے دوران تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش
محکمہ موسمیات کے مطابق 15 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں بارش ہوسکتی ہے۔
ان علاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کا بھی امکان ہے۔ بعض مقامات پر درمیانی اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
مزید اضلاع بھی متاثر ہونے کا امکان
14 اور 15 ستمبر کے دوران سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈو الہٰیار، مٹیاری اور جامشورو میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ان اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ گرج چمک اور تیز ہواؤں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

