وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ مینجمنٹ پر اہم اجلاس ہوا۔ انہوں نے مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی بندش پر برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
آر ایل این جی کی فراہمی متاثر
اجلاس میں موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات سے آر ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی۔ اس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی آئی۔
حکام کے مطابق طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں استعمال کرنے پر بھی زور دیا۔
صارفین کی شکایات کے لیے کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ان کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی بھی ہونی چاہیے۔ وزیراعظم نے ایک ہفتے کے اندر کمیٹیوں کو فعال کرنے کا حکم دیا۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔ بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مؤثر نظام بنایا جائے۔

