منشیات کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کی چیئرپرسن فریال تالپور نے کی۔
اجلاس میں منشیات کے خلاف ایریا وائز ایکشن پلان کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی فروخت کے خلاف کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
سنتھیٹک ڈرگز، کوکین اور آن لائن منشیات کی ترسیل روکنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ متعلقہ محکموں نے منشیات کے خاتمے اور امن و امان سے متعلق پیشرفت بھی پیش کی۔
تعلیمی اداروں کے اطراف زیرو ٹالرنس
فریال تالپور نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی فروخت اور استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
فریال تالپور نے سنتھیٹک ڈرگز، کوکین اور آن لائن منشیات کی ترسیل کے نیٹ ورک کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بارڈر ایریاز کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کرنے پر بھی زور دیا۔
57 آپریشنز میں 132 ملزمان گرفتار
ٹاسک فورس کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کمیٹی کو منشیات کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 105 کلوگرام چرس اور 6 ٹن سے زائد گٹکا ماوا تلف کیا گیا۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران 40 کلوگرام آئس بھی قبضے میں لی۔
عرفان بلوچ کے مطابق منشیات کے خلاف اب تک 57 آپریشنز کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں 132 ملزمان گرفتار ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیوں کے دوران 78 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے 41 ملزمان جیلوں میں سزاؤں کا سامنا کر رہے ہیں۔
نئی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس، محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس اور دیگر اداروں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ کے مطابق نئے منشیات قانون کے تحت نئی عدالتوں کے قیام کا میکنزم تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ان عدالتوں کا مقصد منشیات کے مقدمات کو جلد منطقی انجام تک پہنچانا اور ملزمان کو سزائیں دلوانا ہے۔
اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے بریگیڈیئر عمر نے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ اے این ایف حکام نے بتایا کہ سندھ پولیس کے اشتراک سے صوبے میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

