Site icon Tashakur News

کسٹمز انفورسمنٹ: کراچی میں 212 کلوگرام چرس برآمد، مشتبہ گاڑی سے منشیات پکڑی گئی

کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے 212 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔ کسٹمز حکام کے مطابق کارروائی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی فرید احمد خان کی ہدایات پر اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے کی۔

حکام کے مطابق کسٹمز ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لیاری ایکسپریس وے پر حسن اسکوائر انٹرچینج کے قریب ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی، جس کے دوران تعاقب کرتے ہوئے گاڑی کسٹمز کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ تعاقب کے دوران مبینہ پائلٹ گاڑیوں میں سوار افراد نے کسٹمز ٹیم پر فائرنگ بھی کی، تاہم اہلکاروں نے کارروائی جاری رکھتے ہوئے آغا خان ہسپتال سگنل کے قریب مشتبہ گاڑی کو روک لیا۔

گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈگی سے 212 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جو 212 پیکٹس میں پیک کی گئی تھی۔ کسٹمز اہلکاروں نے منشیات اور گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔

حکام کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ کسٹمز انفورسمنٹ حکام نے کہا ہے کہ اسمگلنگ اور منشیات کی غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Exit mobile version