کراچی: انمول پنکی کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت ساؤتھ نے منشیات فروش انمول عرف پنکی کی مبینہ سہولت کاری کے مقدمے میں نامزد ملزم عاقب کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزم کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے اسے قانونی تقاضے پورے کرنے کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق عاقب کو مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی کے ساتھ اسی مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔ تفتیش میں پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم بطور رائیڈر انمول کے لیے کام کرتا اور مبینہ طور پر منشیات کی ترسیل کو یقینی بناتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مرکزی ملزمہ انمول عرف پنکی تاحال جیل میں ہے، جبکہ عاقب کی ضمانت منظور ہونے کے بعد مقدمے میں اس کا قانونی عمل جاری رہے گا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ گارڈن میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت میں درخواست ضمانت کی منظوری کے بعد کیس کی مزید کارروائی متعلقہ عدالت میں جاری رہے گی۔

