کراچی میں شاہین فورس کے اہلکاروں کی اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی میں کارکردگی پر پولیس حکام نے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے گزشتہ شام پولیس مقابلے کے دوران تین مبینہ مسلح ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے والے تیموریہ اور خواجہ اجمیر نگری شاہین فورس کے افسران و اہلکاروں سے ملاقات کی۔
پولیس کے مطابق دونوں شاہین فورسز کے جوانوں نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائی کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیت اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں تین مسلح ملزمان ہلاک ہوئے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور تعریفی اسناد کے ساتھ نقد انعامات بھی دیے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ نے بھی افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے فرض شناسی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکار محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ پولیس فورس کو جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے مزید متحرک کیا جا سکے۔

