کراچی میں سندھ شاپس بل 2026 کے حوالے سے قائمہ کمیٹی برائے محنت و افرادی قوت کا اجلاس چیئرمین اور رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو کی زیر صدارت ہوا، جس میں بل میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی، ارکان سندھ اسمبلی عروبا ربانی، روما صباحت، ملیحہ منظور اور نصیر احمد سمیت سیکریٹری محنت سندھ ساجد جمال ابڑو، لا آفیسر لیبر رجومل اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کمیٹی کو بل میں ترامیم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ ترامیم کا مقصد کاروباری افراد کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانا اور اسے جدید ای سسٹم کے تحت لانا ہے۔
اجلاس میں کاروباری اداروں کی رجسٹریشن کو آن لائن کرنے سمیت دیگر سہولیات پر ارکان نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین کمیٹی اور ارکان کے ساتھ مشاورت کے بعد قائمہ کمیٹی نے سندھ شاپس اینڈ کمرشل اسٹیبلشمنٹ (ترمیمی) بل 2026 میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
حکام کے مطابق مجوزہ نظام سے کاروباری افراد کو رجسٹریشن کے لیے روایتی طریقہ کار کے بجائے آن لائن سہولت حاصل ہوگی، جس سے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

