Tashakur News

جشنِ میلاد النبی ﷺ: ناظم آباد گرلز اسکول میں محفلِ نعت کا انعقاد

کراچی: جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں گورنمنٹ گرلز پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول ناظم آباد میں پُروقار محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا۔ اسکول کی سینئر پرنسپل پروفیسر صائمہ فہیم کی زیرِ سرپرستی منعقدہ تقریب میں اساتذہ، طالبات اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نواز علی شاہ جیلانی نے کی۔ ڈپٹی ڈی ای اوز طارق علی، طاہر، نگہت ناز اور نگہت سیما سمیت راحیلہ مسرور نے بھی خصوصی شرکت کی۔

ریفارم سپورٹ یونٹ سندھ کی سینئر پروگرام مینیجر اور ہیڈ آف ایل ایس یوز عشرت نور جبکہ پروگرام مینیجر برائے طالبات وظیفہ فرزانہ میمن بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

محفل میں اسکول کی طالبات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت و محبت کے ساتھ نعتیہ کلام پیش کیا، جس سے تقریب کا ماحول روحانی کیفیت سے بھر گیا۔ مقررین نے سیرتِ طیبہ ﷺ اور حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر پروفیسر صائمہ فہیم نے معزز مہمانوں، افسران، اساتذہ اور طالبات کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد میں معاونت کرنے والے منتظمین اور شرکا کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ امتِ مسلمہ کے اتحاد اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Exit mobile version