اسلام آباد: پمز میں 10 فیصد مریضوں سے فیس وصول کیے جانے پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے اپنے بیان میں کہا کہ پمز میں 10 فیصد مریضوں سے فیس وصول کرنا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب 90 فیصد مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تو باقی 10 فیصد مریضوں سے فیس کیوں لی جائے؟
وزیر صحت نے پمز انتظامیہ سے فیس وصولی کی مکمل تفصیلات اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن کی معلومات طلب کیں۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر محمد سلمان پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فیس ادا کرنے والے 10 فیصد مریض بھی پمز کے بارے میں رائے قائم کرتے ہیں، اس لیے اسپتال میں علاج کی سہولت سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پمز کے 100 فیصد مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے معاملے پر وزیراعظم سے بات کریں گے۔

