Site icon Tashakur News

سندھ ہائیکورٹ بار: وکلا کے مسائل کے حل کے لیے حکومت سندھ کا تعاون جاری رکھنے کا اعلان

کراچی: سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر قانون و داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے اہم ملاقات کی، جس میں وکلا برادری کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مسائل کے حل پر بات چیت کی گئی۔

وفد کی قیادت سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی اعزازی سیکریٹری فریدہ منگریو نے کی، جبکہ وائس پریذیڈنٹ طارق علی جکھرانی اور آنریری ٹریژرر سید نعمت اللہ شاہ بھی وفد میں شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وکلا برادری کو درپیش مختلف مسائل، ان کے حل کے لیے اقدامات اور فلاحی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور سندھ حکومت وکلا برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور وکلا کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی میں وکلا برادری کا کردار نہایت اہم اور کلیدی ہے۔

وزیر قانون و داخلہ سندھ نے سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری عدالتی نظام اور انصاف کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وکلا کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنائیں گے۔

Exit mobile version