کراچی میں کے ایم سی ہیڈ آفس کی عمارت میں آتشزدگی کے باعث میئر کراچی کا دفتر مکمل طور پر جل گیا، تاہم فائر بریگیڈ حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ ایم اے جناح روڈ پر واقع کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی عمارت میں میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن میں لگی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور تین فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے میئر کراچی کے دفتر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں دفتر کا بیشتر سامان اور دیگر اشیا جل گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے وقت عمارت میں موجود افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ واقعے میں کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
کراچی: جامعہ کراچی کے پروفیسر پر تشدد، تین افراد حراست میں، ہوٹل مالک کا بیٹا فرار
فائر بریگیڈ اور متعلقہ اداروں نے ابتدائی کارروائی مکمل کرلی ہے، تاہم آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ حکام واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب کراچی میں صنعتی اور تجارتی عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات مسلسل تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ گزشتہ روز لانڈھی پروسیسنگ زون میں کپڑے کی ایک فیکٹری میں بھی شدید آگ بھڑک اٹھی تھی، جس سے فیکٹری میں موجود سامان جل کر تباہ ہوگیا تھا۔
ریسکیو حکام نے لانڈھی کی متاثرہ عمارت کو مخدوش قرار دیتے ہوئے شہریوں کو عمارت سے دور رہنے کی ہدایت کی تھی۔

