Site icon Tashakur News

زرعی قرض فراڈ: جعلی پاس بکس پر 10 لاکھ روپے جاری، خوشحالی مائیکروفنانس بینک کے 3 افسران کے خلاف مقدمہ

کراچی: زرعی قرض فراڈ کے ایک مبینہ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) حیدرآباد زون نے خوشحالی مائیکروفنانس بینک کے تین افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق میرپورخاص میں بینک افسران نے مبینہ طور پر جعلی زرعی دستاویزات اور پاس بکس کی بنیاد پر 10 لاکھ روپے کا زرعی قرض جاری کیا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ قرض کی منظوری سے قبل زمین کی ملکیت اور متعلقہ افراد کی کاشت کاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔

تحقیقات کے دوران مختیارکار ریونیو آفس نے متعلقہ زرعی پاس بکس کو جعلی قرار دیا، جس کے بعد معاملہ ایف آئی اے کی توجہ میں آیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ نند لال کی شکایت پر معاملے کی انکوائری شروع کی گئی۔ تحقیقات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے شواہد سامنے آنے کے بعد خوشحالی مائیکروفنانس بینک کے تین افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 409، 419 اور 420 سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی اے نے کہا ہے کہ وہ مالی فراڈ، جعلسازی اور بینکاری سہولیات کے مبینہ غلط استعمال کے معاملے کی مزید تحقیقات کر رہا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مالی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔

Exit mobile version