Site icon Tashakur News

میر رضا قتل کیس: والد کا انصاف کے لیے آخری دم تک لڑنے کا عزم

کراچی: مقتول میر رضا علی خان کے والد میر حسین نے کہا ہے کہ میر رضا قتل کیس میں انصاف کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد پہلے دن سے جاری ہے اور وہ آخری دم تک اپنے بیٹے کے لیے انصاف کی کوشش کرتے رہیں گے۔

میر رضا کے چہلم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر حسین نے کہا کہ 40 دن کیسے گزر گئے، اس کا احساس ہی نہیں ہوا۔ ان کے مطابق خاندان پہلے روز سے انصاف کے لیے آواز اٹھا رہا ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ چہلم کے باعث آج احتجاج نہیں کیا جائے گا اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے میر رضا کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

میر حسین نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے۔ ان کے بقول جو مؤقف خاندان پہلے دن سے پیش کرتا رہا، جوڈیشل کمیشن کی کارروائی میں بھی اسی نوعیت کی باتیں سامنے آئی ہیں۔

مقتول کے والد نے سوال اٹھایا کہ اگر قتل کے شواہد پہلے ہی دن سامنے آ گئے تھے تو پھر کیس کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کیوں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خاندان نے جے آئی ٹی کا مطالبہ کیا تو معاملہ جوڈیشل کمیشن تک پہنچ گیا۔

میر حسین کے مطابق میر رضا کی قبر کشائی بھی کی گئی ہے اور وہ انصاف کے حصول تک اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے دوران بعض نئی چیزیں سامنے آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق ڈاکٹر اسامہ اور جوہر تھانے کی مبینہ غفلت سے متعلق نکات بھی سامنے آئے ہیں۔

میر حسین نے میر رضا کے کاروباری پارٹنر کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ بھی کہیں، اس سے خاندان کی انصاف کے حصول کی کوشش متاثر نہیں ہوگی۔

Exit mobile version