کورنگی کراسنگ پل کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں شدید زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل زیرِ علاج نجی اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 28 سالہ کانسٹیبل اویس تنولی ولد محمد یوسف کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں تعینات تھے اور ہفتے کے روز مقابلے کے دوران زخمی ہوئے۔ ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کانسٹیبل اویس کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اویس نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کرکے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی شہید کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اویس نے جرائم پیشہ عناصر کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے جان کا نذرانہ دیا، جو سندھ پولیس کے جوانوں کی جرأت کا مظہر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ پولیس شہید کے خاندان کی ہر ممکن سرپرستی کرے گی۔
پولیس چیف نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقابلے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

