Site icon Tashakur News

یومِ دفاع: صدر زرداری کا شہدا کو خراجِ عقیدت، قومی اتحاد اور ملکی سلامتی کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: یومِ دفاع کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، جو اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ متحد قوم کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

صدر زرداری نے کہا کہ 1965ء میں پاک افواج کے بہادر جوانوں نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے مسلح افواج کے شہدا، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو پوری قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا نے اپنے خون سے شجاعت، قربانی اور حب الوطنی کی ایسی داستانیں رقم کیں جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

صدر مملکت کے مطابق 1965ء میں مسلح افواج اور قوم کا اتحاد اجتماعی قوت کی واضح مثال تھا۔ یہی جذبہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھی نمایاں ہوا، جبکہ معرکۂ حق کی کامیابی 6 ستمبر کے جذبۂ حب الوطنی کا تسلسل ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ معرکۂ حق نے پاکستان کی قومی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب شامل کیا۔ ان کے بقول یہ غیر معمولی کامیابی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کا ثبوت ہے اور فوج و عوام کے مضبوط تعلق کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن، باہمی احترام اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

صدر زرداری نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں سے باز آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹس فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو بیرونی سرپرستی ملنے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور طالبان حکومت کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ اب کوئی راز نہیں رہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم آج بھی اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کے مطابق مضبوط دفاع کے ساتھ معاشی استحکام اور سیاسی رواداری بھی ملکی طاقت کے بنیادی ستون ہیں۔

آصف علی زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن، خوشحال اور محفوظ پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ قوم پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کا عزم دہراتی ہے اور قائداعظم کے وژن کے مطابق ملک کو ایک خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

Exit mobile version