سندھ اسمبلی کے اسپیکر سید اویس قادر شاہ سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلیسن بلیک برن نے ملاقات کی۔
ملاقات اسپیکر سندھ اسمبلی کے دفتر میں ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے صوبائی خودمختاری، گورننس اور پارلیمانی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی صوبے سے متعلق اہم معاملات پر متعدد قراردادیں منظور کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی جغرافیائی حدود کے معاملے پر ایوان میں بحث جاری ہے۔
ان کے مطابق اس معاملے کو مشترکہ قرارداد کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
بلدیاتی نظام اور پارلیمانی امور
اسپیکر نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا تسلسل برقرار رہا ہے۔
انہوں نے مؤثر حکمرانی کے لیے بااختیار بلدیاتی اداروں کو اہم قرار دیا۔
سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سے متعلق معاملات پر واضح مؤقف رکھتی ہے۔
انہوں نے برطانوی سفارت کار کو سندھ اسمبلی کے مختلف پارلیمانی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
ان میں خواتین، اقلیتوں اور بچوں کے پارلیمانی کاکسز شامل ہیں۔
نوجوانوں کو پارلیمانی عمل سے جوڑنے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
پاکستان، برطانیہ اقتصادی روابط
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلیسن بلیک برن نے پاکستان اور برطانیہ کے اقتصادی و تجارتی تعلقات مضبوط بنانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات کے اختتام پر اسپیکر نے انہیں سندھ اسمبلی کی تاریخی عمارت کا دورہ کرایا۔
انہیں اسمبلی کی پارلیمانی تاریخ اور قانون سازی کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
بعد ازاں سید اویس قادر شاہ نے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کو یادگاری شیلڈ، سندھی ٹوپی، اجرک اور تاریخی کتب پیش کیں۔

